کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں جمعرات سے بارشیں ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔لیکن کیا کراچی ان بارشوں کیلیے تیار ہے؟ بارشوں کا پانی سمندر تک لے جانے والی ملیر ندی تو کچرا کنڈی میں تبدیل ہوچکی ہے۔ بارش ہوئی تو سیلاب کا خطرہ ہے۔
کورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، محمودآباد اور ملحقہ علاقوں کے مکین اب ہوجائیں ہوشیار، ملیر ندی میں کچرے کے باعث پانی کے بہاوٴ کا راستہ بند ہوتا جا رہا ہے۔شہر میں 12 ملی میٹر سے زائد بارش ان علاقے کے مکینوں کیلئے تباہی لاسکتی ہے۔ کورنگی میں ملیر ندی کے برساتی نالے کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگئے ہیں۔علاقے میں لینڈ مافیا کا بھی راج ہے۔
بلدیہ عظمیٰ ذرائع کے مطابق شہر کے بیشتر برساتی نالے کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ یہی نہیں، شہر میں 13 برساتی نالوں اور دو ندیوں کا حال بھی کچھ مختلف نہیں ہیں۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ وہ حکومت اور انتظامیہ کو مطلع کرچکے ہیں مگر کہیں شنوائی نہیں ہوئی۔
کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ کے ایم سی الرٹ کیا جائے گا ا ور جو کچرا پھینکے گا اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ کورنگی کازوے میں پہلے ٹاون اور اب ڈسٹرک انتظامیہ کے افراد کچرا پھینک رہے ہیں ، اگر اس معاملے کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو مسائل بڑھیں گے اور ملیر ندی کے گرد و نواح میں موجود علاقوں پر اچھے اثرات نہیں پڑیں گے۔