کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں آلو کی قلت دور کرنے کے لیے بھارت سے آلو کی بڑے پیمانے پر درآمد شروع کردی گئی ہے۔ درآمد کنندگان کے مطابق واہگہ کے راستے یومیہ 150 سے 200 ٹن آلو پاکستان پہنچ رہا ہے۔
جو لاہور کی منڈی میں 37 سے 38 روپے فی کلو کی تھوک قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے۔ بھارت سے آلو کی درآمد گزشتہ ہفتے سے شروع ہوئی ہے۔ آئندہ دنوں میں درآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔ بھارتی آلو زیادہ تر پنجاب کے شہروں میں فروخت کیا جارہاہے۔
سندھ اور کراچی میں اب بھی مقامی آلو فروخت ہورہا ہے۔ بھارت سے آلو کی درآمد شروع ہونے کے بعد مقامی سطح پر آلو کی قیمت میں استحکام آیا ہے اور ذخیرہ کیے گئے آلو مارکیٹ میں لائے جانے سے قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے آلو کی طلب پوری کرنے کے لیے درآمدات پر عائد ڈیوٹی اور ٹیکسز ختم کردیے ہیں جبکہ پاکستان سے آلو کی ایکسپورٹ پر 25 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کردی گئی ہے۔