جمہوریت کے نام پر ملک میں عوام دشمنوں کی حکمرانی ہے:طاہر حسین
Posted on May 12, 2014 By Geo1 Webmaster سٹی نیوز
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) آئین کی پامالی کے ذریعے وجود میں آنے والی حکومت کسی طور جمہوری نہیں ہوسکتی۔ آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے کہا ہے کہ 11 مئی کو ہونے والے انتخابات مکمل طور پر غیر آئینی تھے کیونکہ سابق چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن نے ایک جانب مقدمات کا بہانہ بنا کر مشرف کو انتخاب لڑنے سے روکااور انہیں کسی بھی حلقے سے انتخاب لڑنے کی اجازت نہیں دی تو دوسری جانب کرپشن ‘قومی وسائل کی لوٹ مار ملک سے غداری افواج پاکستان کیخلاف سازش جیسے سنگین مقدمات میں ملوث موجودہ حکمرانوں اور ثابت شدہ وفوج دشمن عناصر کو دھاندلی کے ذریعے کئی کئی نشستوں پر بیک وقت کامیابی کے دانستہ مواقع فراہم کر کے نہ صرف آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کو پامال کیا بلکہ مفادات کے تحفظ کیلئے منظور نظر افرادکو اقتدار میں لانے اور عوامی مینڈیٹ چرانے میںبھی بھر پور کردار ادا کیا اسلئے نہ صرف عوام کو دھاندلی اور سودے بازی کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں کیخلاف باہر آنا ہوگا۔
اپنے حق جمہوریت کی حفاظت کیلئے جدوجہد کرنی ہوگی بلکہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور الیکشن کمشنرفخرالدین جی ابراہیم پر آئین کی پامالی ‘اختیارات کے ناجائز استعمال اورمفادات کے تحت قوانین کی تشریح و تعبیرکے جرم میں اور موجودہ حکمرانوں پر جمہوریت کے تحفظ کے ذمہ دار الیکشن کمیشن و عدلیہ میں کرپشن و مفادات کی روایت پروان چڑھانے کی پاداش میں غداری کامقدمہ چلانے کا مطالبہ کرنا ہوگا کیونکہ جب تک آئین ‘ قانون اور جمہوریت کا سہارا لیکر عوام کا شکار کرنے والوں کواحتساب نہیں ہوگا اس ملک کو نہ تو آمریت سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے اور نہ ہی یہاں حقیقی جمہوریت قائم ہوسکتی ہے۔