لندن (جیوڈیسک) ایک فرانسیسی ریستواں نے کھانے کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے انوکھا طریقہ اپنایا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے ایک علاقے لوزون میں واقع ریستواں پٹریزیاٹا میں لوگوں کو اپنی پلیٹوں میں کھانے بچانے پر بل میں جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔
ٹوئنٹی منٹ نامی روزنامہ کے مطابق، اپنی پلیٹوں میں کھانا باقی چھوڑنے والوں کو اضافی طور پر پانچ فرانک جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ اپریل میں ریستواں کے معاملات سنبھالنے والے جیووانی ٹافورونے بتایا کہ انہیں فوراً ہی احساس ہو گیا تھا کہ لنچ ٹائم بوفے میں بہت زیادہ کھانا ضائع کیا جاتا ہے۔
‘میں اس اقدام کے ذریعے ایک سخت پیغام دینا چاہتا ہوں کیونکہ میں اتنا زیادہ کھانا ضائع ہوتا نہیں دیکھ سکتا’۔یہ جرمانہ پیر سے نافذ العمل ہو گا اور صارفین کو اس حوالے سے پیشگی اطلاع دی جائے گی۔ ٹافورو کا کہنا ہے کہ پانچ فرانک کا جرمانہ علامتی نوعیت کا ہے اور ان کا بنیادی مقصد شعور اجاگر کرنا ہے۔