سانحہ 12 مئی 2007 کو کراچی میں قتل عام کے خلاف ملک بھر میں وکلا برادری کا یوم سیاہ

Lawyers

Lawyers

کراچی (جیوڈیسک) 12 مئی 2007 کو کراچی میں وکلا اور سیاسی کارکنوں کی ہلاکتوں کے خلاف ملک بھر کے وکلا یوم سیاہ منارہے ہیں۔ سانحہ 12 مئی کے خلاف کراچی سمیت سندھ بھر میں وکلا برادری کی جانب سے یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔

صوبے بھر میں عدالتی امور معطل ہیں۔ کراچی میں وکلا نے بازووٴں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا۔ وکلا کے احتجاج کے باعث کئی مقدمات کی سماعت نہیں ہوسکی۔ سینٹرل جیل سے لائے گئے قیدیوں کو بھی واپس بھیج دیا گیا۔

اس کے علاوہ سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور کراچی سمیت صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ بارز کے جنرل باڈی اجلاس منعقد ہوئے جس میں اس سانحے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ حیدر آباد سکھر، میرپور خاص، لاڑکانہ، نوابشاہ، نوشہرو فیروز، شہداد کوٹ اور سانگھڑ سمیت دیگر اضلاع میں بھی وکلا نے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا۔