میڈرڈ (جیوڈیسک) روس کی ماریہ شراپووا نے سخت مقابلے کے بعد میڈرڈ ماسٹرز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا، حریف کے ان فٹ ہوجانے کی وجہ سے اسپین کے رافیال نڈال بھی کامیاب قرار پائے۔
میڈرڈ میں ویمنز ایونٹ کا فائنل کھیلا گیا شراپووا اور رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کے درمیان پہلا سیٹ ہالیپ نے جیتا۔دوسرے سیٹ میں شراپووا نے کم بیک کیا۔تیسرے اورفیصلہ کن سیٹ میں روسی کھلاڑی چھائی رہیں۔
انہوں نے ایک چھ، چھ دو اور چھ تین سے کامیابی حاصل کی۔فائنل جیتنے کے بعد شراپووا کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا۔دوسری جانب مینز ایونٹ کا فائنل بھی کم سنسنی خیز نہ تھا۔ پہلا سیٹ جاپان کے کی نشیکوری کے نام رہا۔
دوسرے سیٹ میں بھی جاپانی کھلاڑی نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ لیکن کمر کی تکلیف کے باعث وہ تیسرے سیٹ میں کھیل جاری نہ رکھ سکے اور رافیال نڈال کو فاتح قرار دے دیا گیا، انکی جیت کا اسکور دو چھ، چھ چار اور تین صفر رہا۔