بھارتی بورڈ سری نواسن کے مخالفین کو مزہ چکھانے پر تل گیا

Sri Nivasan

Sri Nivasan

ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی بورڈ سری نواسن کے مخالفین کو مزہ چکھانے پر تل گیا، آئی پی ایل کا فائنل ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم سے بنگلور منتقل کر دیا گیا، ایم سی اے ہکا بکا رہ گئی، وضاحت کے لیے لیگ کے چیئرمین رنجیب بسوال کو خط تحریر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے معطل صدر این سری نواسن کے مخالفین کو مزہ چکھانے کیلیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر دیے، اس سلسلے میں تامل ناڈو کے طاقتور کرکٹ ایڈمنسٹریٹر سری نواسن کے سب سے بڑے مخالف شرد پوار گروپ کو نشانہ بنانے کیلیے ممبئی سے آئی پی ایل فائنل کی میزبانی واپس لے لی گئی ہے، ٹرافی میچ یکم جون کو وانکھیڈے میں کھیلا جانا تھا لیکن اچانک بی سی سی آئی نے اسے بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں منتقل کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے پیچھے بڑی وجہ ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کو سبق سکھانا ہے جس پر بھارتی بورڈ کے سابق صدر شردپوار کا کنٹرول ہے۔ اگرچہ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اس فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی مگر گورننگ کونسل کے اجلاس میں شریک ایک ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں اس کی بڑی وجہ وانکھیڈے کے وی آئی پی باکس کی گنجائش کم ہونا قرار دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ دنیا بھر سے اہم شخصیات فائنل میں شریک ہوں گی اسی وجہ سے بنگلور کا انتخاب کیا گیا ہے، دوسری وجہ یہ بتائی گئی کہ ایم سی اے کے ممبئی پولیس کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں چل رہے اس لیے سیکیورٹی کا بھی مسئلہ ہو سکتا ہے۔