نیویارک (جیوڈیسک) امریکہ کے شہر نیویارک میں ایک تعزیاتی تقریب کے بعد 9/11 کے واقعے میں ہلاک ہونے والے ہزاروں غیر شناخت شدہ افراد کے باقیات ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے مقام یعنی گرائونڈ زیرو پر پہنچا دیے گئے ہیں۔
چیف میڈیکل اگزیمنر کے دفتر سے پندرہ گاڑیوں میں ان باقیات کو ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے مقام پر ایک ریپوزیٹوری میں رکھا گیا ہے۔ اس اقدام کے حوالے سے لوگوں کی رائے منقسم ہے اور ہلاک شدگان کے کچھ لواحقین نے اس موقع پر احتجاج بھی کیا ہے۔
گیارہ ستمبر 2001ء کو نیویارک، واشنگٹن ڈی سی اور پینسلوینیا میں تقریباً 3000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ان باقیات میں انسانی ریشوں کے 7930 ٹکڑے شامل ہیں جن کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ امریکی پرقم میں لپٹے دھاتی بکسوں میں بند کر کے باقیات کو فائر بریگیڈ اور پولیس کی گاڑیوں میں گرائونڈ زیرو لایا گیا۔ 9/11 میموریل میوزیم میں ان کے ایک مخصوص جگہ رکھی گئی ہے۔ یہ ریپوزیٹوری سطحِ زمین سے 20 میٹر نیچے ہے اور صرف لواحقین اور تحقیقی ٹیموں کو اس تک رسائی حاصل ہو گی۔
اس مقام کا منتظم چیف میڈیکل اگزیمنر کا دفتر ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ فرینزک سائنس میں ممکنہ ترقی کے بعد اس اقدام سے ان باقیات کی شناخت میں مدد مل سکتی ہے۔ ہلاک شدگان کے کچھ لواحقین نے ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے مقام پر ایک خاموش احتجاجی ویجل کا بھی انتظام کیا تھا تاہم باقیات کی منتقلی کے تقریب کے آغاز سے پہلے اسے ختم کر دیا گیا۔
اس اقدام کے حوالے سے لوگوں کی رائے منقسم ہے اور ہلاک شدگان کے کچھ لواحقین نے اس موقع پر احتجاج بھی کیا ہے۔ ان حملوں میں ہلاک ہونے والے ایک فائر مین کی والدہ سیلی ریگن ہارڈ نے بتایا کہ شہری حکام نے اس معاملے میں لواحقین کی رائے نہیں پوچھی ہے کیونکہ ان میں سے زیادہ تر اس کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے اور 3000 متاثرین کی انسانی باقیات کو ایک خوبصورت اور باعزت یادگار میں ہونا چاہیے نہ کہ ایک عجائب گھر کے تہہ خانے میں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مشتعل ہیں اور غم و غصے میں ہیں۔ یہ ایک بے حرمتی ہے۔ روسالین ٹیلون کا بھائی بھی ان حملوں میں ہلاک ہوا۔ وہ کہتی ہیں کہ ان باقیات کا ایک عجائب گھر میں رکھے جانا بچوں کو سمجھنا انتہائی مشکل ہے۔
تاہم اس سے قبل نیویارک کے مئیر کے دفتر نے اعلان کیا تھا کہ یہ تقریب ایک باوقار اور محترم انداز میں منعقد کی جائے گی۔ 9/11 کے حملوں میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں 2753 ہلاک ہونے والوں میں سے 1115 کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ون ٹریڈ سنٹر نامی عمارت جسے ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے مقام پر تعمیر کیا گیا ہے مغربی دنیا کی بلند ترین عمارت ہے۔