گوجرانوالہ: علماء حق امت مسلمہ کے وہ درخشندہ ستارے ہیں جن کی مشکوٰة علم کی کرنیں نور بن کر کائنات کے قریہ قریہ میں چمک رہی ہیں اور انہی کی بدولت اسلام کا نغمہء فطرت کائنات میں افزا صداؤں کے ساتھ گونج رہا ہے اللہ رب العزت نے اس امت محمدیہ کو خیر لامت کا اعزاز عطا کیا، نیکی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا ہی امت محمدیہ اور علماء حق کی عظمت کی دلیل ہے ان خیالات کا اظہار، شیخ الحدیث علامہ ارشد سعید کاظمی ملتان، نے محفل ختم بخاری شریف منعقدہ دارالعلوم نقشبندیہ امینیہ المعروف گول مسجدکے ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر امیر اعلیٰ عالمی ادارہ تنظیم الا سلام صاحبزادہ پیر محمد رفیق احمد مجددی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت ظاہر ہے کہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی ضرورت جس قدر آج ہے شاید کسی دور میں نہ ہو، لہذا علماء اکرام کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہو گا ورنہ احیائے ملت اور ترویج شریعت کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکے گا ،علمائے کرام اپنے اختلافات کو چھوڑ کر امت محمدیہ کے اتحاد کے لیے اپنا عملی کردار ادا کریں اور محبت اور اخلاص کے پیغام کو عام کریں ،علامہ مفتی نصرت اللہ مجددی نے بھی اپنے خیا لات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتباع سنت کے بغیر کوئی مسلمان قرب خداوندی حاصل نہیں کر سکتا اور بزرگان دین اور علمائے حق نے ہمیشہ سنت رسولۖکا پرچار کیا۔
آج بھی امت مسلمہ اگر سنت رسول ۖپر عمل شروع کر دے تو اس کا زوال عروج میں بدل سکتا ہے۔محفل میں علامہ خورشیدشاہ مجددی، علامہ اعظم چشتی ، علامہ رفیع الدین مجددی ، علامہ محمد بشارت علی مجددی ،علامہ محمد تنویر حسین مجددی، علامہ نوید اقبال مجددی ، علامہ محمد اشفاق احمد مجددی، علامہ محمد یٰسین مجددی اور علماء ،مشائخ ، قراء و نعت خواں حضرات سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔