لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما ہر شخص اور ادارے پر شکوک و شبہات کر رہے ہیں صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ عمران خان بری طرح مایوسی کا شکار ہیں۔ احتجاج کے بجائے دھاندلی کے ثبوت پیش کریں۔ تحریک انصاف کے رہنما ہر شخص اور ادارے کی اہلیت اور دیانت پر شکوک و شبہات کر رہے ہیں۔
کل تک جن کے بارے میں اچھے خیالات کا برملا اظہار کرتے تھے آج انہی پر برس رہے ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمات دیکھ کر عمران خان شدید گھبراہٹ کا شکار ہیں۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے سرکاری وسائل ذاتی تشہیر پر خرچ کرنے والے قوم کا دکھ کیا جانیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ احتجاجی جلسے کی ناکامی کا احساس ہوتے ہی تحریک انصاف کے رہنما کارکنوں کو روکنے کے جھوٹے الزامات کی بے معنی تکرار شروع کر دیتے ہیں۔ سیاسی بیساکھیوں پر چلنے والے موقع پرست ناکام ہوں گے ۔