مشرقی یوکرائن میں بلیک واٹر کے فوجی تعینات، جرمن اخبار کا انکشاف

Soldier

Soldier

برلن (جیوڈیسک) جرمن اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ مشرقی یوکرائن میں جدید اسلحے سے لیس سابقہ پرائیویٹ سکیورٹی کمپنی ”بلیک واٹر” کے سولجرز باغیوں کے خلاف متحرک ہیں۔ اخبار نے جرمنی کی وفاقی خفیہ ایجنسی بی این ڈی کی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی پرائیویٹ کمپنی کے 400 اہلکار مشرقی یوکرائن میں کیف حکومت کے سکیورٹی دستوں کے ہمراہ تعینات ہیں۔ یہ فوجی جدید اسلحے سے لیس ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ ایک دو ہفتے قبل روسی نیوز ایجنسی انٹر فیکس نے باغیوں کے حوالے سے بتایا تھا کہ بعض فوجی انگریزی میں بات چیت کرتے ہیں۔ روس نے بھی دو مئی کے روز مشرقی یوکرائن کے شہر سلاویانسک میں کیف حکومت کے فوجی ایکشن پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اِس آپریشن میں یوکرائنی فوج کو کرائے کے امریکی فوجیوں کی معاونت حاصل تھی۔

جرمن اخبار کی رپورٹ پر کسی قسم کا تبصرے کرنے سے خفیہ ایجنسی بی این ڈی نے انکار کر دیا ہے۔ دوسری جانب سابقہ بلیک واٹر اور موجودہ سکیورٹی کمپنی اکاڈیمی نے دو ماہ قبل مارچ میں ایسی ہی اٹھنے والی خبروں کی تردید کی تھی۔ جرمن اخبار کے مطابق وفاقی خفیہ ایجنسی بی این ڈی کے تجزیاتی جائزے کے مطابق امریکی خفیہ ادارے یوکرائن میں پرائیویٹ کمپنی کی سرگرمیوں سے بخوبی واقف ہیں۔ جرمن خفیہ ادارے نے اپنی رپورٹ چانسلر دفتر کو 29 اپریل کو پیش کی تھی۔ مشرقی یوکرائن میں امریکی پرائیویٹ سکیورٹی کمپنی کے اہلکاروں کو لوگانسک شہر کے علاقے میں تعینات کیا گیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ لوگانسک میں روس نواز باغی خاصے متحرک ہیں اور اتوار کے روز علیحدگی پسندوں نے ڈونیٹسک کے علاوہ لوگانسک کے انتظامی صوبے میں بھی خود مختاری کا ریفرنڈم کروایا تھا۔

سابقہ سکیورٹی ایجنسی بلیک واٹر کے اہلکاروں کو عراق میں بھی تعینات کیا گیا تھا۔ اِس کمپنی کے اہلکاروں پر عراق میں تعیناتی کے دوران عام شہریوں پر ظلم و جبر کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔ امریکی پرائیویٹ سکیورٹی کمپنی اکاڈیمی پہلے بلیک واٹر کے نام سے عراق میں سکیورٹی کنٹریکٹر فراہم کرتی رہی ہے۔ بلیک واٹر عراق میں غیر مسلح افراد کے ایک مقدمے میں ملوث بھی کی گئی تھی۔ اس پر اسلحے کی اسمگلنگ کا الزام بھی لگایا گیا تھا۔ بعد میں اسے تحلیل کر دیا گیا تھا اور اس کی جگہ نئی سیکورٹی ایجنسی اکاڈیمی کھڑی کی گئی۔ اسی کمپنی کو افغانستان میں بھی سکیورٹی اہلکار فراہم کرنے کا ایک کنٹریک پیش کیا گیا تھا۔ اس کنٹریکٹ کے تحت یہ ادارہ افغانستان میں مختلف اداروں اور حکومتی محکموں کو سکیورٹی اہلکار فراہم کرتا رہا ہے۔