بھارتی میڈیا نے بھارتیا جنتا پارٹی کو واضح اکثریت ملنے کا اعلان کردیا

Janata Party

Janata Party

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں عام انتخابات کا نواں اور آخری مرحلہ اختتام کو پہنچا۔ نویں مرحلے میں 3 ریاستوں میں ووٹنگ ہوئی جس کے آدھے گھنٹے بعد بھارتی میڈیا نے بھارتیا جنتا پارٹی کو واضح اکثریت ملنے کا اعلان کردیا۔

بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے 9 مراحل میں ووٹ ڈالے گئے۔ نویں مرحلے میں بھارت کی 3 ریاستوں میں پولنگ ہوئی۔ نویں مرحلے کی پولنگ ختم ہونے کے آدھے گھنٹے بعد بھارتی میڈیا نے ایگزٹ پول کے نتائج کا اعلان کر دیا اور بی جے پی کی الائنس این ڈی اے کو 272 سے زائد نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا۔

بھارتی میڈیا کے جاری کردی ایگزٹ پول کے نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کی سربراہی میں قائم نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے بھارت بھر سے 272 سے زائد نشستیں جیتی ہیں جبکہ کسی بھی جماعت کو حکومت بنانے کے لیے 543 کے ایوان میں 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔

بھارت پر 10 سال سے حکمرانی کرنے والی کانگریس 543 کے ایوان میں سے 111 سے 115 نشستیں حاصل کرسکتی ہے اور اب اپوزیشن کی مضبوط امیدوار ہے۔ ایگزٹ پول کے مطابق بھارت کی نئی سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی صرف 5 نشستیں حاصل کرسکے گی۔

بھارتی انتخابات کے نویں مرحلے کے اختتام پر بھارتی الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ لوک سبھا کے انتخابات میں مجموعی طورپر ووٹنگ ٹرن آوٴٹ 66.38 فی صد رہا جو بھارت کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ بھارت میں ہونے والے انتخابات کے سرکاری نتائج 16 مئی کو جاری کیے جائیں گے۔