کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک مارکیٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر ندیم نقوی کا کہنا ہے کہ حکومت اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کے لیے رقم اکھٹی کر سکتی ہے۔ بات کرتے ہوئے ندیم نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت منصوبوں کا اندراج اسٹاک مارکیٹ میں کرے تاکہ شفافیت کے عمل کو فروغ ملے۔
اس کے علاوہ وہ کمپنیاں جو ترقیاتی منصوبوں میں 10 کروڑ ڈالر تک سرمایا لگانا چاہتی ہیں ان کا اندرج بھی اسٹاک میں کیا جائے۔ اسٹاک مارکیٹ کے ایم ڈی نے مزید بتایا کہ حکومت پاک ارب ریفائنری ، اسٹیٹ لائف انشورنس اور لاہور الیکٹرک کمپنی کو اسٹاک میں لسٹ کرے۔
اس طریقے سے نہ صرف حکومت کو پیسے ملیں گے بلکہ عوام کو بھی ان سرکاری کمپنیوں میں سرمایا کاری کا موقع ملے گا۔ کیپٹل گین ٹیکس کے بارے میں ندیم نقی کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ بجٹ میں اس ٹیکس کو بڑھایا گیا تو اس سے حصص بازار میں سرمایا کاری متاثر ہوگی۔