کراچی (جیوڈیسک) انٹرکے جاری سالانہ امتحانات کے دوران ایس ایم آرٹس اینڈ کامرس کالج میں بدترین نقل کی اطلاعات پر قائم تحقیقاتی کمیٹی نے کالج کے پروفیسر اور غیر تدریسی عملے کے افراد کو معاملے کا ذمے دار قرار دے دیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی نے کالج کی حدود میں غیرمتعلقہ افرادکی جانب سے امیدواروں سے کھلے عام رقم وصول کرنے کی مصدقہ اطلاعات ہیں، اس بات کا انکشاف 4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے محکمہ تعلیم کو پیش کی گئی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل کالجز پروفیسر ناصر انصار کی سفارش پر ریجنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر انعام احمد نے کمیٹی قائم کی تھی جس کے اراکین میں ایڈیشنل سیکریٹری کالجز وحید شیخ، ڈی جے سائنس کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد، گورنمنٹ کالج نبی باغ کے پرنسپل پروفیسر اقرار حسین جعفری، ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل عزیز فاطمہ اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ڈپٹی کنٹرولر دبیر احمد شامل تھے۔