اسلام آباد (جیوڈیسک) الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ ہونے کے معاملے پر ایم کیوایم نے قومی اسمبلی سے واک آوٴٹ کیا ، تاہم وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ انہیں مناکر دوبارہ ایوان میں لے گئے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے روحیل اصغر نے کہاکہ حکومت نے کسی فورم پر نہیں کہا کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری نہیں کرنا، خواہ مخوا ایشو بنایا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے پاکستانی شہریت سرنڈر کی بحالی میں وقت لگے گا۔
کراچی کو بند کرنے کا کہنا مناسب نہیں۔ تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاسپورٹ اور شناختی کارڈ الطاف حسین کا حق ہے، حکومت فیصلے پرنظرثانی کرے۔ پیپلزپارٹی کے نوید قمر کا کہناتھاکہ کیا ایک ہفتہ الطاف حسین کے شناختی کارڈ کے معاملے پر بحث ہوتی رہے گی؟ پاسپورٹ جاری کرکے معاملہ ختم کیا جائے۔