کراچی (جیوڈیسک) جناح اسپتال کراچی کی انتظامیہ نے داخل ہونے والے ہر مریض سے 10 روپے غیر قانونی فیس کی وصولی شروع کر دی ہے جبکہ اس سے قبل صرف او پی ڈی میں آنے والے مریضوں سے فیس وصول کی جارہی تھی، ذرائع کے مطابق جناح اسپتال کی انتظامیہ نے چند ہفتے قبل ہی اسپتال کے شعبہ حادثات میں آنے والے ایسے مریض جن کو داخل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے کے لئے 10 روپے فی ٹوکن فیس مقرر کی ہے جبکہ اس سے قبل صرف او پی ڈی میں معائنہ کرانے کے لئے آنے والے مریضوں سے فیس وصول کی جارہی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ مریضوں سے وصول کئے جانے والے 10 روپے بغیر کسی وجہ کے لئے جارہے ہیں جس میں انتظامیہ اور کچھ اسٹاف کی ملی بھگت شامل ہے ،ذرائع نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں داخلہ فیس لینا منع ہے اس کے باوجود جناح اسپتال میں 10روپے فیس وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسپتال کے ایک وارڈ میں داخل مریض نے اپنی فائل اور 10 روپے کا ٹوکن دکھاتے ہوئے کہاکہ رات کے وقت ایمرجنسی میں آیا جہاں پر عملے نے فوری 10 روپے کا ٹوکن دیا جبکہ اس سے قبل کوئی فیس وصول نہیں کی جارہی تھی جس کی تحقیقات کرائی جائیں۔ذرائع نے بتایا کہ اسپتال میں داخل اور ڈسچارج ہونے والے افراد سے اضافی فیس وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی انچارج و جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایاکہ داخلہ فیس وصول نہیں کی جارہی تمام سہولتیں مفت ہیں۔