فیصل آباد: موبائل ایسوسی ایشن کچہری بازار کے صدر چوہدری خالد جٹ، جنرل سیکرٹری محمد نعیم، شہباز گل بٹ چیئرمین، عدنان شاہ وائس چیئرمین، سلطان احمد، شیخ شکیل، راشد بٹ، میاں مبارک نائب صدور، شہزاد بٹ نے کہا ہے کہ عمران خان کا جلسہ فلاپ شو تھا’ بڑی بڑی گپیں ہانکنے والے اور وزیراعظم کے خواب دیکھنے والے عمران خان کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہوگیا۔ پی ٹی آئی کے احتجاجی جلسہ میں پورے ملک سے اتنے کارکن نہیں آئے تھے جتنے مسلم لیگ (ن) کے صرف فیصل آباد کے جلسہ میں تھے۔
اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ عوام سونامی خان کو مسترد کر چکے ہیں۔ خالد جٹ نے کہا کہ الیکشن سے 48 گھنٹے تک عمران خان کو دھاندلی نظر نہیں آئی لیکن 48 گھنٹوں کے بعد اپنے رفقاء کے مشورے سے حکومت کو پریشان کرنے اور عوام کو گمراہ کرنے کا نیا پروپیگنڈہ استعمال کرتے ہوئے احتجاجی دھرنے دینے شروع کر دیئے۔ جس کا مقصد صرف اور صرف جمہوریت کو ڈی ریل کرنا ہے لیکن عمران خان کو اس مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔