لاہور (جیوڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان کس کو بنائیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کی یہ پریشانی فاسٹ بولرعمر گل نے ختم کر دی ہے، کیوں کہ انہوں نے اس فارمیٹ میں قیادت کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔ لاہور میں جاری سمر کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ وہ اپنے آپ کو صرف محدود اوورز کی کرکٹ کا کھلاڑی نہیں کہلوانا چاہتے لیکن ٹی ٹوئنٹی میں اپنی عمدہ پرفارمنس کی وجہ سے اْن کا بھی اب دل چاہتا ہے کہ وہ اس میں قومی ٹیم کی قیادت سنبھالیں۔
انہوں نے سمر کیمپ کے حوالے سے کہا کہ اس سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہورہا ہے اور سب ہی دل لگا کر محنت کر رہے ہیں۔ عمر گل کا کہنا تھا کہ اب وہ خود کو کافی فٹ محسوس کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل اور دیگر لیگز میں پاکستانی کھلاڑیوں کو موقع ملنا چاہئے۔ فاسٹ بولر نے بتایا کہ کاوٴنٹی کرکٹ میں ان کا سمر سیٹ سے معاہدہ تھا لیکن سمر کیمپ اور سری لنکا کے دورے کی وجہ سے معذرت کرلی۔