کراچی: گزری میں کم عمری کی شادی رکوادی گئی، دلہا ، دلہن زیرحراست

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں کلفٹن کے علاقے اپر گزری میں شادی کی تقریب میں پولیس نے چھاپہ مارکرکم عمردلہن اوردولہا کو حراست میں لے لیا، شادی شدہ جوڑا اپنی رخصتی کا فیصلہ ہونے کے لئے اب عدالت میں پیش ہوگا۔

کلفٹن کے علاقے اپر گزری میں پولیس نے ایک گھر میں چھاپہ مارا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی، جس کے دوران 14 سالہ دلہن اریبہ اور اس کے شوہر 19 سالہ امتیاز کو حراست میں لے لیا گیا۔ نکاح نامے کے مطابق اریبہ اور امتیاز کی رسم نکاح 14 اپریل کو منعقد ہوئی۔

نکاح نامے پر لڑکی کی عمر 18 سال درج کروائی گئی، دلہن کے قریبی عزیز اللہ داد نے کلفٹن تھانے پہنچ کر پولیس کو اطلاع دی۔ مدعی اللہ داد کی شکایت کے بعد پولیس نے کارروائی کی، جس کے بعد باراتی بھی تھانے پہنچ گئے۔ 14 سالہ دلہن نے اعتراف کیا کہ اس کی شادی اسکی والدہ نے رضا مندی سے کروائی ہے۔

جبکہ دلہا بھی رات بھر اپنی ہونے والی دلہن کو رخصت کروانے کی کوششیں کرتا رہا۔پولیس کے مطابق قانون کے مطابق مسلم پرسنل ایکٹ کے تحت 18 سال سے کم عمر لڑکی کی شادی کروانے پر مقدمہ درج ہوسکتا ہے۔ شادی شدہ جوڑا اپنی رخصتی کا فیصلہ ہونے کے لئے عدالت میں پیش ہوگا، واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں 18 سال سے کم عمر لڑکیوں کی شادی کو رکوانے کے لئے قراداد بھی پیش کی گئی تھی۔