نیویارک (جیوڈیسک) امریکہ میں پیدائش کے وقت جڑواں بہنوں نے ایک دوسرے کے ہاتھ تھام رکھے تھے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نوزائیدہ بچوں کی ماں نے بتایا کہ دونوں بہنوں کو وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے۔
اور اب وہ خود سانس لے رہی ہیں۔ 32 سالہ سارا تھیسلتویت نے مزید کہا کہ مائوں کے عالمی دن پر یہ ان کے لیے بہترین تحفہ تھا۔ مجھے یقین نہیں ہو رہا کہ ان دونوں نے ایک دوسرے کے ہاتھ تھام رکھے تھے، یہ حیرت انگیز ہے۔ جڑواں بہنیں امریکی ریاست اوہائیو میں پیدا ہوئیں۔
اور جب ڈاکٹروں نے انھیں والدین کو دکھانے کے لئے اوپر اٹھایا تو دونوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام رکھا تھا۔ سارا تھیسلتویت گزشتہ کئی ہفتوں سے ایکن میڈیکل مرکز میں ڈاکٹروں کی زیر نگرانی تھیں کیونکہ بچہ دانی میں ان کی دونوں بیٹیوں کی خوراک کی نالیاں ایک دوسرے میں گڈ مڈ ہو گئی تھیں۔ ڈاکٹروں نے پیدائش سے قبل بچوں کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا تھا۔