پنجاب میں تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ خوش آئند اقدام ہے:محمد زبیر حفیظ
Posted on May 14, 2014 By Geo1 Webmaster سٹی نیوز
لاہور (سید امجد حسین بخاری) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ ایک خوش آئند اقدام ہے، لوگ معاشی مجبوریوں کی وجہ سے اپنے بچوں کو اسکول نہیں بھیج سکتے، سبسڈی ختم کرنے کی دھمکی دینے کی بجائے تعلیمی وظائف کا اہتمام کیا جائے جس سے غریب آدمی کے لئے بچوں کو تعلیم دلوانے میں کشش محسوس ہو ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکار پور میں نجی کالج میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ بچے غریب والدین کے لئے دولت کمانے کا ذریعہ اور معاشی سہارا ہوتے ہیں ان کے لئے تعلیم کی ثانوی حیثیت ہوتی ہے۔
تعلیم کو عام کرنے کے لئے غربت دور کرنا ہوگی۔ شرح خواندگی میں اضافے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔ آرڈیننس کے نفاذ سے قبل بچوں کے سکول نہ جانے کی وجوہات تلاش کرکے ان کا سدباب کیا جائے، گھوسٹ تعلیمی اداروں کا خاتمہ کیا جائے۔ طبقاتی نظام تعلیم معاشرے کا ایک ناسور ہے اس کی جڑیں قومی وحدت کو کھوکھلا کر رہی ہیں اس کو بھی ختم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔