لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم خدمت انسانیت کے جذبے سے سرشار ہے اور اس حوالے سے پوری دنیا میں ان کا کوئی ثانی نہیں، ان خیالا ت کا اظہار انہو ں نے مختلف غیر سرکاری تنظیموں کی استعداد کار بہتر کرنے کیلئے گورنر ہاؤس میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا، سیمینار میں تعلیم، صحت، انصاف، انفراسٹرکچر میں بہتری اور بنیادی سہولتوں کے شعبوں میں کام کرنے والی این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ سکاٹ لینڈ کی معروف این جی اوز کے سربراہان اور ماہرین نے بھی خصوصی لیکچر دیئے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اس وقت سنگین مسائل سے دو چار ہے اور ان بحرانوں سے صرف اسی صورت میں نمٹا جا سکتا ہے جب حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ ساتھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے عام لوگ بھی میدان میں اُتریں۔ قبل ازیں گوجرانوالہ پریس کلب کے نو منتخب صدر طارق منیر بٹ کی قیادت میں 18 رکنی وفد نے چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔