عوام کو صحت کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، گورنر سندھ

Doctor Ishrat Ul Ebad

Doctor Ishrat Ul Ebad

کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، حکومت محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو صحت کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر رہی ہے، بلدیہ عظمیٰ کے تحت قائم امراض قلب کا ادارہ کراچی انسٹیٹیوٹ بھی روزانہ ہزاروں مریضوں کی نگہداشت میں مصروف ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد صدیقی، پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید، ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے سربراہ ڈاکٹر وقار کاظمی اور کے آئی ایچ ڈی کے سربراہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ادارہ غریبوں کے لئے زندگی کی نوید ہے، ادارے کو جن مالی مسائل کا سامنا ہے انہیں دور کرنے کے لئے حکومت سندھ سے رجوع کیا جائے تا کہ بروقت فنڈز مہیا ہو سکیں اور عوام کو بھی کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ حساس نوعیت کی بیماری کی تشخیص و علاج کا کام کرتا ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ ادارہ نہ صرف مالی طور پر مستحکم ہو بلکہ اس کے پاس ماہر افرادی قوت بھی موجود ہو۔