اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں امن و امان پر بحث کی گئی، محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جمہوریت ہی میں ملک کی بقا ہے، نواز شریف سیاسی جماعتوں اور جرنیلوں کو بٹھا کر بات کریں۔ ایوان میں اپوزیشن نے راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کو تنقید کا نشانہ بنایا، ساتھ ہی یہ اعتراض بھی کیا کہ دوسرے صوبوں میں یہ منصوبہ کیوں شروع نہیں کیا گیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سر براہ محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ فوج اور آئی ایس آئی کی حفاظت ہم خود کریں گے اور انہیں سہولیات دیں گے۔ عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید نے کہا کہ دہشت گردوں کو جیلوں میں بھی سہولتیں میسر ہیں۔
اسلام آباد راول پنڈی میٹرو بس منصوبے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پربحث کے دوران پیپلز پارٹی کی شازیہ مری نے سوال کیا کہ اس منصوبے کے لیے لوہا کہاں سے آیا تو ایوان میں اپوزیشن ارکان نے لوہا لوہا کے نعرے لگائے۔
قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوہا لوہا ہوتا ہے، اسٹیل ملز کا ہو یا اتفاق فاؤنڈری کا۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ سندھ اور کے پی کے میں بھی بنے گا۔