ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش کا بھی امکان

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور اور گرد نواح میں رات گئے ہونے والی بارش نے خنکی میں اضافہ کر دیا، ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے، رواں ہفتے موسم کی صورتحال غیر متوازن رہے گی۔

بارش کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں میں غیر متوقع طور پر موسم ٹھنڈا ہو گیا ہے۔ شہریوں نے دوبارہ گرم کپڑے نکال لئے، لاہور اور گرد نواح میں رات گئے ہونے والی بارش نے خنکی میں اضافہ کر دیا۔ فیصل آباد میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، قصور، پتوکی، چونیاں، اوکاڑہ اور گردو نواح میں بھی بادل خوب گرجتے برستے رہے، گوجرہ میں ژالہ باری بھی ہوئی جس سے گندم اور دیگر فصلیں بری طرح متاثر ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ میں سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن تیز ہوا کے ساتھ آج بارش کا امکان ہے تاہم کراچی، حیدرآباد سمیت زیریں سندھ میں ہوا کے جھکڑ چلیں گے۔ لاہور میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ بارش کا امکان بھی ہے۔