داعش کا شام چھوڑنے سے انکار، القاعدہ سربراہ پر تنقید

Syria

Syria

شام (جیوڈیسک) شام میں القاعدہ سے وابستہ النصرہ محاذ کے خلاف محاذ آراء طاقتور جنگجو گروپ دولت اسلامی عراق وشام (داعش) نے خانہ جنگی کا شکار ملک سے نکل جانے سے انکار کر دیا اور القاعدہ کے سربراہ ڈاکٹر ایمن الظواہری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شام میں النصرہ محاذ کے سربراہ محمد الجولانی کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق داعش کے ترجمان ابو محمد العدنانی نے ایک آڈیو پیغام میں ڈاکٹر ایمن الظواہری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں القاعدہ سے وابستہ النصرہ محاذ کے سربراہ محمد الجولانی کو ہٹا دیں۔ترجمان نے القاعدہ کے سربراہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ شیخ اسامہ بن لادن نے ایک لفظ سے مجاہدین کو جمع کیا تھا لیکن آپ نے انہیں پارہ پارہ کر دیا ہے۔ ان کا یہ آڈیو بیان جہادی فورمز کی ویب سائٹس پر پوسٹ کیا گیا تھا لیکن فوری طور پر اس کے مصدقہ ہونے کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔