نائجیریا:‌ جنگجوؤں کے بدلے طالبات کی رہائی کی پیشکش مسترد سرچ آپریشن شروع

Nigeria

Nigeria

نائجیریا (جیوڈیسک) نائجیریا کی حکومت نے شدت پسند تنظیم بوکو حرم کی جانب سے اپنے شدت پسند ساتھیوں کی رہائی کے بدلے مغوی لڑکیوں کو رہا کرنے کی پیشکش مسترد کر دی، ادھر امریکہ نے بوکوحرم کے قبضے میں موجود لڑکیوں کی تلاش کے لیے جاسوس طیاروں کی پروازیں شروع کر دی ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نائجیریا کے وزیر داخلہ ابو مورونے کہا کہ معصوم شہریوں کے بدلے حکومت کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کی رہائی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔

طالبات کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد نائجیریا کے وزیر اطلاعات مائیک عومیری نے کہا تھا کہ تمام آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے تاہم بعد میں وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت تبادلے کی پیشکش کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ دوسری جانب امریکہ کا کہنا ہے کہ نائجیریا میں موجود اس کے ماہرین ویڈیو کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اندازہ لگایا جا سکے کہ لڑکیوں کو کس مقام پر رکھا گیا ہے۔ امر یکی محکمہ دفا ع نے کہا ہے کہ امریکہ نے دو سو سے زائد مغوی طالبات کی تلاش کے لیے ‘انسان بردار’ نگرانی کرنے والے طیارے نائجیریا بھیجے ہیں۔ امریکہ کے مطابق اس مشن کے لیے نائجیریا کی حکومت سے اجازت لی گئی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس خفیہ مشن کے ذریعے لڑکیوں کا سراغ لگا یا جا ئیگا۔