سعودی عرب: ڈرائیونگ کرنے پر شوہر نے بیوی کو طلاق دیدی

Saudi Arabia

Saudi Arabia

ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب میں جہاں طلاق کے واقعات پہلے عروج پر ہیں وہاں غیر قانونی ڈرائیونگ بھی طلاق کا موجب بننے لگی ہے۔ سعودی عرب کے ایک شہری نے اپنی بیوی کو محض اس بنا پر طلاق دے دی کہ وہ اس کی اجازت کے بغیر گاڑی لے کر نکل گئی تھی۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ “ٹیوٹر” پر طلاق کے اس معمولی سبب پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ چونکہ سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ کے حامیوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صنف نازک کے گاڑی چلانے کی حامی ڈرائیونگ کی پاداش میں طلاق کے حامی نہیں ہیں تاہم دوسری طرف سعودی شوہر کے اقدام کی حمایت میں بھی بولنے والوں کی کمی نہیں ہے۔

ان نقطہ نظر کے حامیوں کا کہنا ہے کہ شوہر کی مرضی کے خلاف اگر کوئی بیوی گاڑی چلاتی ہے اور اس کا یہ اقدام طلاق پر منتج ہوتا ہے تو کوئی بات نہیں، شوہر کو طلاق کا حق حاصل ہے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں خواتین کے گاڑی چلانے پر قانونا پابندی عائد ہے لیکن ڈرائیونگ کی شوقین خواتین اکثر شاہراہوں پر اس قانون کی خلاف ورزی کرتی پائی جاتی ہیں۔