کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) وطن عزیز کی سلامتی افواج پاکستان کا وقار اور عوام کا جان و مال مکمل طور پر خطرات سے دوچار ہوچکا ہے کیونکہ سابقہ حکومت کی طرح موجودہ حکومت بھی عوام سے کئے گئے وعدوں کی پاسداری و تکمیل اور وطن عزیز کو بحرانوں سے نکالنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے جبکہ دفاعی اداروں کیخلاف سازشیں کرنے والے عناصر کی پشت پناہی و سرپرستی کیخلاف عوامی احتجاج نے ثابت کردیا ہے کہ دھاندلی اور ملی بھگت سے اقتدار میں آنے والوں پر عوام کو کسی قسم کا کوئی اعتماد نہیں رہا ہے۔
آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے سینئر رہنما شاہد قریشی’جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو اور ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کے احتجاج کی ناکامی کے بعد اب عوام کے پاس صرف پرویز مشرف کے انتخاب کا راستہ بچتا ہے کیونکہ مشرف کا سابق دور اس بات کا ثبوت ہے کہ انہوں نے وردی میں بھی اور وردی کے بغیر بھی دونوں ہی صورتوں میں ملک و قوم کی خدمت کی اور وطن عزیز کو پرامن محفوظ و خوشحال بنانے کے ساتھ عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ہر قسم کے مسائل کا حل فراہم کر کے چادر و چار دیواری کے تحفظ کو یقینی بنایا۔
معاشی ترقی کو فروغ دیکر بد امنی بیروزگاری کا خاتمہ کیا اسلئے اب پاکستان اور اپنے مستقبل کو بچانے کیلئے عوام کو مشرف کا ساتھ دینا ‘ مشرف کا انتخاب کرنا اور مشرف کیلئے سڑکوں پر آنا ہوگا تاکہ افواج پاکستان کیخلاف سازشیں کرنے والے قومی وسائل کے لٹیروں سے نجات ملے اور پرویز مشرف کے اقتدار میں عوام ایکبار پھر امن و سکون اور ترقی و خوشحالی کی فضا میں سانس لے سکیں۔