سندھ کے مختلف شہروں میں بارش، کراچی میں بھی بوندا باندی

Rain

Rain

کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے کئی شہروں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش ہوئی۔ نوابشاہ میں بارشوں کے باعث خاتون اور بچے سمیت تین افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔ پڈعیدن میں آندھی نے بجلی کے کھمبے ریلوے ٹریک پر گرادیے جس سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔

نواب شاہ، دادو، ٹھٹھہ اور نوشہروفیروز سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں تیزہواوٴں کے ساتھ بارش ہوئی۔ نوابشاہ میں تیز ہواوٴں سے مسجد کی دیوار اور کچے مکانات کی چھتیں گرگئی۔ واٹربس اسٹاپ کے قریب درخت گرنے سے خاتون اور بچہ ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر مقامات پر چھتیں اور دیواریں گرنے سے ایک شخص ہلاک اور خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد زخمی ہوگئے۔

پڈعیدن شہر اور گردونواح میں بھی آندھی کے باعث بجلی کے کھمبے ریلوے ٹریک پر گر گئے اور ڈاوٴن اور اپ ٹریک پر ریلوے ٹریفک معطل ہوگئی جس کے بعد پاکستان اور ہزارہ ایکسپریس کو پڈعیدن اسٹیشن کے قریب روک لیا گیا۔ بلوچستان کے علاقے بیلہ میں ہلکی اور بعض مقامات پر تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش ہوئی۔

گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں غذر، دیامر جبکہ آزاد کشمیر کے بعض اضلاع میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کے بعد سردی بڑھ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قلات، مکران، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ژوب، حیدرآباد اور کراچی ڈویژن، اسلام آباد، راول پنڈی، بہاول پور، ملتان، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔