کراچی (جیوڈیسک) جناح اسپتال کراچی کے ایم ایل او ڈاکٹر منظور میمن کے قتل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ڈاکٹروں نے او پی ڈی بند کردی جس سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
گزشتہ روز جناح اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر منظور میمن کو ان کے ڈرائیور سمیت ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، جس پر آج جناح اسپتال کے ڈاکٹروں نے احتجاجاً او پی ڈی بند کردی، جس کے باعث صبح سے آئے مریضوں کی بڑی تعداد پریشان نظر آئی۔
مریضوں کا کہنا تھا کہ وہ صبح سے ڈاکٹروں کے انتظار میں ہیں لیکن او پی ڈی بند ہونے کے سبب ان کی داد رسی کیلئے کوئی موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ او پی ڈی کی بندش کے باعث انھیں شدید اذیت اور پریشانی کا سامنا ہے، تاہم جناح اسپتال کا شعبہ حادثات معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔