ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے قائم مقام وزیرصحت عادل فقیہ نے اونٹوں اور ہسپتالوں کو مرس وائرس کے پھیلنے کا بنیادی سبب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے کوئی انسدادی اور احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جا رہیں۔
وزیر صحت نے جدہ میں شاہ فہد ہسپتال کے حکام کیساتھ اجلاس میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ جدہ ، ریاض اور دمام میں وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج کے بنیادی مراکز قائم کئے گئے ہیں تاہم اس کے علاوہ ہر علاقے کے ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج کا بندوبست کیا گیا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان خالد مرغلانی نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ وائرس کے باعث ہلاک ہونیوالے مریضوں کی تدفین کیلئے الگ قبرستان مختص کیا گیا ہے۔ دریں اثنا سعودی شہریوں نے حکومت کی تنبیہ کو نظر انداز کرتے ہوئے اونٹوں کو گلے لگاتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز بنانا شروع کر دی ہیں اور اونٹوں کی حمایت میں ایک دوسرے کو پیغامات بھیجنا شروع کر دیئے ہیں۔