اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف سے پولیو مانیٹرنگ سیل کی فوکل پرسن عائشہ رضانے ملاقات کی ، دوسری جانب قبائلی علاقوں اور بندوبستی علاقوں کی سرحد پر پولیو ویکسین کیلئے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قبائلی علاقے سے بندوبستی علاقے میں آنے والے افراد کیلئے پولیو ویکسین پینا لازم ہوگا اور اس کے لئے قبائلی اور بندوبستی علاقوں کی سرحد پر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فاٹا میں دو لاکھ ساٹھ ہزار بچے گذشتہ تین سال سے پولیو ویکسین سے محروم ہیں۔
وزیر اعظم نے پولیو مانیٹرنگ سیل کی فوکل پرسن عائشہ رضا کو اس سلسلے میں گورنر خیبر پختونخوا سے ملاقات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس سے پہلے عائشہ رضا فاروق نے وزیر اعظم کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے سفر کے لیے ویکسین لازمی قرار دینے ، وزارت قومی صحت اور مانیٹرنگ سیل کے اختیارات اور لندن میں پولیو خود مختار مانیٹرنگ بورڈ کے اجلاس سے متعلق بریفنگ بھی دی۔