اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی قیصر جمال کی رکنیت بحال کر دی۔ جسٹس سرمد جلال عثمانی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی قیصر جمال کی رکنیت معطل کیے جانے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
الیکشن ٹریبونل نے غلط انتخابی نشان الاٹ ہونے کی شکایت پر قیصر جمال کی رکنیت معطل کر دی تھی۔ سپریم کورٹ نے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی قیصر جمال کی رکنیت بحال کر دی۔ قیصر جمال این اے 47 فاٹا سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔