تہران (جیوڈیسک) ایران نے سعودی عرب کی جانب سے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کو دورے کی دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ابھی تک سعودیہ کی جانب سے دورے کا باضابطہ تحریری دعوت نامہ موصول نہیں ہوا لیکن دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات متوقع ہے اور وز یرخارجہ کا دورہ سعودی عرب حکومتی ایجنڈے میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم علاقائی مسائل کے حل،غلط فہمیوں کے ازالے اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں مدد گار ثابت ہونیوالے مذاکرات اور دوروں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ قبل ازیں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ سعود الفیصل نے کہا تھا۔
کہ انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب کو مملکت کے دورے کی دعوت دی ہے لیکن انکی طرف سے جواب موصول نہیں ہوا۔ دریں اثنا امریکی وزیردفاع چک ہیگل نے سعودی عرب اور دیگر خلیجی اتحادیوں کو یقین دلایا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر جاری مذاکرات سے انکی سکیورٹی پر کوئی فرق نہیں پڑیگا، ایران کیساتھ مذاکرات کے دوران خلیج کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔