ساہیوال: پسند کی شادی کرنے والی لڑکی قتل

Sahiwal

Sahiwal

ساہیوال (جیوڈیسک) ہڑپہ کی رہائشی فرزانہ کو دارالامان سے اس کے رشتے دار ساتھ لے گئے اور کلہاڑیوں کے وار کرنے کے بعد گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

پولیس مقدمہ درج کرکے ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔ مقتولہ نے تین ماہ پہلے گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کی تھی۔ کراچی جاتے ہوئے گوجرانوالہ کے قریب رشتے داروں کو دیکھ کر جوڑے نے ٹرین سے چھلانگ لگا دی تھی جس کے بعد گھر والوں کے کہنے پر لڑکے نے فرزانہ کو طلاق دے دی تھی۔

عدالت نے لڑکی کو دارالامان بھجوا دیا تھا جبکہ لڑکا بھی ہسپتال سے غائب ہو گیا تھا۔ واضع رہے کہ گوجرانوالہ کے شبیر نے 9 فروری کو فرزانہ سے پسند کی شادی کی۔ دونوں نے جیون بھر ساتھ جینے اور مرنے کے عہدو پیمان بھی کئے۔ میاں بیوی خوش و خرم زندگی کی تلاش میں تیز گام پر سوار کراچی جا رہے تھے کہ لڑکے کے کزن نے لڑکی کے رشتہ داروں کو خبر کر دی۔

ساہیوال ریلوے سٹیشن پر فرزانہ کے پانچ مسلح رشتہ دار ٹرین میں سوار ہوئے تو دونوں نے جان بچانے کیلئے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی۔ شبیر اور فرزانہ شدید زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے لیکن ظالم سماج نے پیچھا نہ چھوڑا۔ پنچایت بیٹھی اور دونوں کو ہمیشہ کیلئے جُدا کرنے کا فیصلہ صادر کر دیا، ساتھ ہی ہسپتال میں لڑکے سے صلح کی آڑ میں زبردستی طلاق کے کاغذات پر انگوٹھے بھی لگوا لئے۔

دوسری جانب طلاق کے فیصلے سے لاعلم فرزانہ کا کہنا تھا کہ اسے والدین سے جان کا خطرہ ہے۔ پولیس نے فرزانہ کو مقامی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے اسے دارلامان بھجوا دیا تھا۔