امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ لگنے سے ہزاروں افراد کی نقل مکانی

California

California

سان تیاگو (جیوڈیسک) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی باعث ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریاست کیلی فورنیا کے سب سے بڑے شہر سان ڈیاگو سے 25 میل دور ساحلی علاقے کارلزبیڈ کے جنگلات میں گزشتہ روز شدید گرمی کے باعث آگ لگ گئی تھی۔ آگ کے باعث سیکڑوں گھروں کو بجلی کی ترسیل بھی معطل ہو گئی ہے، تیز ہواؤں اور سخت گرمی کے باعث آگ کے دائرے میں بدستور اضافہ ہو رہا ہے جب کہ اب تک کئی رہائشی عمارتیں اس آگ کی لپیٹ میں آکر خاکستر ہو چکی ہیں۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیح آبادی کا علاقے سے محفوظ انخلا ہے، اس کے لئے علاقے میں آباد 15 ہزار گھروں اور دکانوں کو خالی کرالیا گیا ہے اور یہاں آباد افراد کو عارضی طور پر قریبی اسکولوں اور دیگر عمارات میں منتقل کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب سان ڈیاگو کے شمال میں واقع ایک دوسرے جنگل میں لگنے والی آگ نے 100 ایکڑ اراضی پر محیظ درختوں کو جلا کر بھسم کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی ریاست کیلی فورنیا ان دنوں بدترین خشک سالی سے گزررہی ہے جب کہ خشک موسم اور شدید گرمی کے باعث حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رواں موسمِ گرما میں ریاست کے جنگلات میں آگ لگنے کے ریکارڈ واقعات پیش آسکتے ہیں۔