مقبوضہ کشمیر: گرفتاریوں اور چھاپوں کے خلاف آج مکمل ہڑتال ہو گی

Occupied Kashmir

Occupied Kashmir

سرینگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں عوام کی گرفتاریوں، چھاپوں اور تشدد کے خلاف آج مکمل ہڑتال ہو گی، ہڑتال کی کال بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے دی ہے۔ اس موقع پر تمام کاروباری مراکز، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کا اہم اجلاس چیئرمین سید علی گیلانی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بھارتی انتخابی ڈرامے کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال کے حوالے سے تازہ ترین پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں دیگر تنظیموں کے سربراہوں اور نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ نام نہاد انتخابات کا بائیکاٹ کر کے عوام نے تحریک آزادی کیساتھ اپنی گہری وابستگی دکھا دی ہے۔ بیان میں بھارتی فورسز کی جانب سے عوام کی گرفتاریوں، چھاپوں اور تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ فورسز نے ساری وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

قابض انتظامیہ نے اگر جیلوں میں قید کارکنوں کو رہا نہ کیا تو آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔ دریں اثنا کٹھ پتلی وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اگر مودی کی حکومت آئی تو پاک بھارت مذاکرات متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ گزشتہ چار دہائیوں میں یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل جنگ، طاقت یا تشدد سے نہیں نکالا جا سکتا۔