کراچی (امیر بھٹی سے) آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے سینئر رہنما شاہد قریشی‘جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو اور ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی سلامتی ‘ افواج پاکستان کا وقار اور عوام کا جان و مال مکمل طور پر خطرات سے دوچار ہو چکا ہے کیونکہ سابقہ حکومت کی طرح موجودہ حکومت بھی عوام سے کئے گئے وعدوں کی پاسداری و تکمیل اور وطن عزیز کو بحرانوں سے نکالنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جبکہ دفاعی اداروں کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر کی پشت پناہی و سرپرستی کیخلاف عوامی احتجاج نے ثابت کر دیا ہے کہ دھاندلی اور ملی بھگت سے اقتدار میں آنے والوں پر عوام کو کسی قسم کا کوئی اعتماد نہیں رہا ہے جبکہ عمران خان کے احتجاج کی ناکامی کے بعد اب عوام کے پاس صرف پرویز مشرف کے انتخاب کا راستہ بچتا ہے۔
مشرف کا سابق دور اس بات کا ثبوت ہے۔ کہ انہوں نے وردی میں بھی اور وردی کے بغیر بھی دونوں ہی صورتوں میں ملک و قوم کی خدمت کی اور وطن عزیز کو پرامن ‘ محفوظ و خوشحال بنانے کے ساتھ عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ہر قسم کے مسائل کا حل فراہم کر کے چادر و چاردیواری کے تحفظ کو یقینی بنایا اور معاشی ترقی کو فروغ دیکر بد امنی بیروزگاری کا خاتمہ کیا اسلئے اب پاکستان اور اپنے مستقبل کو بچانے کیلئے عوام کو مشرف کا ساتھ دینا ‘ مشرف کا انتخاب کرنا اور مشرف کیلئے سڑکوں پر آنا ہو گا تا کہ افواج پاکستان کیخلاف سازشیں کرنے والے قومی وسائل کے لٹیروں سے نجات ملے اور پرویز مشرف کے اقتدار میں عوام ایکبار پھر امن و سکون اور ترقی و خوشحالی کی فضا میں سانس لے سکیں۔