کراچی (جیوڈیسک) غیر قانونی واٹر کنکشن اور ہائیڈرنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کریں اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران منگھوپیر، لانڈھی، کورنگی انڈسٹریل ایریا، قیوم آباد، لسبیلہ، لیاری حب ریور روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کارروائیوں سے شہریوں کا روزانہ لاکھوں گیلن پانی چوری ہونے سے بچایا گیا ہے۔ شہر میں چلنے والے غیر قانونی منرل واٹر پلانٹس اور دیگر چوری کے کنکشنز کے خلاف آپریشن کو تیز کیا جا رہا ہے، وہ بدھ کو اپنے دفتر میں ایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ، ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل نجم عالم صدیقی اور دیگر واٹر بورڈ کے افسران کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایم ڈی واٹر بورڈنے صوبائی وزیر کو ایک ہفتہ کے دوران کی جانے والی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ واٹر بورڈ کی انتظامیہ نے قیوم آباد میں منرل واٹر کی جعلی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کنکشنز کاٹ دیے تاہم قیوم آباد میں رانجھا ہاؤس، مکان نمبر 30 اسٹریٹ 1، سیکٹرA-1 میں کارروائی کے دوران مزاحمت پر پولیس کو طلب کیا گیا اور مافیا کی جانب سے شدید مزاحمت پر آپریشن روکا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے واٹر بورڈ کی جانب سے آپریشن اور کی جانے والی کارروائیوں کو سراہا۔