کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے کورنگی میں شادی کی تقریب میں مضر صحت کھانا کھانے سے سو سے زائد افراد کی حالت خراب ہو گئی، 15 سے زائد افراد کو ہسپتال میں داخل کر لیا گیا۔
شہر قائد کے علاقے کورنگی نمبر چھ میں شادی کی ایک تقریب میں رات دو بجے کھانا کھلایا گیا ۔ تقریب کے بعد لوگ اپنے گھروں کو چلے گئے جہاں ان کی حالت خراب ہونے لگی جس کے باعث وہ جناح ہسپتال منتقل ہوئے۔
جناح ہسپتال میں ایک سو سے زائد افراد کو لایا گیا جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ اس واقعہ کے بعد ہسپتال میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔
بیشتر افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تاہم پندرہ سے زائد افراد کو داخل کر لیا گیا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔