کنڈیشننگ کیمپ ، گرمی میں ٹریننگ سے کھلاڑیوں کو پسینے آگئے

Training

Training

لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا سمر کیمپ جمعہ کو بھی قذافی سٹیڈیم لاہور میں دو مختلف سیشنز میں جاری رہا جو 6 جون کو ختم ہو گا۔ کیمپ کے 11 ویں روز بھی کھلاڑیوں کی فٹنس ٹریننگ کا سلسلہ جاری رہا۔

کیمپ میں شریک کھلاڑی دو گروپوں میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ میں مصروف ہیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والی بارش کے باعث چند روز سے جاری خوشگوار موسم کے بعد گزشتہ روزسخت گرمی شروع ہوگئی جس نے ٹریننگ کرنے والے کھلاڑیوں کو پسینے سے شرابور کردیا۔

کھلاڑی سخت گرمی کے باوجود بھرپور محنت سے ٹریننگ کرتے رہے۔ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کو جم ٹریننگ اورپول ایونٹس کرائی گئیں جبکہ قذافی سٹیڈیم کے سیشن میں کھلاڑیوں کو رننگ کے علاوہ شٹلز، جمپنگ، بلیپ ٹریننگ اور مسلز مضبوط کرنے کے لئے سٹیڈیم کی سیڑھیوں پر تیزی سے چڑھنے اور اترنے کی ٹریننگ کرائی گئی۔

ٹرینر صبور اور وحید نیازی کھلاڑیوں کا روزانہ کی بنیاد پر ریکارڈ رکھ رہے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اب بورڈ نے تمام کھلاڑیوں کو فٹنس کے لئے ایک معیار بتا دیا گیا ہے جس سے کم پر کمپرو مائز نہیں کیاجائے گا اور سنٹرل کنٹریکٹ دیتے وقت بھی اس کا خیال رکھا جائے گا۔