فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پورے ملک میں وزیر اعظم کی ہدایت پر بجلی چوری اور لائن لاسسز کو کم کر رہے ہیں، کسی بھی چینل کو مسلمانوں کے جزبات مجروع کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ ن لیگ اپنے قومی اداروں کیساتھ ہے۔ فیسکو ہیڈ کواٹر میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر کا کہنا تھا کہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کا دورہ کر رہا ہوں۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر بجلی چوری اور لائن لاسسز کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فیسکو کی کارکردگی سب سے اچھی ہے، ان کا کہنا تھا کہ مہم چلائیں گے جس میں لوگوں کو آگاہ کیا جائے گا کہ کس علاقے میں کتنی بجلی چوری ہو رہی ہے۔
تحریک انصاف کے فیصل آباد جلسے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دھوبی گھاٹ میں صرف نواز شریف ہی جلسہ کر سکتے ہیں۔ یہ شہر صرف مسلم لیگ کا شہر ہے۔ جیو نیوز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے قومی اداروں کیساتھ ہے، کسی بھی چینل کو اجازت نہیں دینگے کہ وہ مذہب کیساتھ کھیلے اور مسلمانوں کے جذبات کو مجروع کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم امن چاہتے ہیں اور میڈیا کی آزادی بھی لیکن ایسی آزادی نہیں جس سے انتشار پھیلے۔ شیخ رشید کے حوالے سے ان کا کہنا تھا وہ کبھی لال حویلی میں جلسہ نہیں کر سکے تو اور کیا کر سکتے ہیں۔