لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ قائد اعظم کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے نریندر مودی کا موڈ دیکھ کر انکے بارے میں تبصرہ کریں گے، چوہدری پرویز الہی کہتے ہیں نریندر مودی کے سر پر ایک ہزار مسلمانوں کاخون ہے معلوم نہیں ہمارے حکمرانوں نے مبارکباد دینے میں اتنی جلد ی کیوں کر دی۔
لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں چوہدری پرویز الہی کا بھارت میں نریندر مودی کی کامیابی پر کہنا تھا کہ ابھی انکی پالیسی کا انتظار کرنا چاہئے معلوم نہیں ہمارے حکمرانوں نے پالیسی سامنے آئے بغیر نریندر مودی کے لئے مبارکبادوں کا سلسلہ ابھی سے کیوں شروع کر دیا۔اس سے بھارتی مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکا گیا ہے۔
چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے ثبوت بھی دیئے گئے۔ عوامی مینڈیٹ کو دن دیہاڑے چرایا گیا اب اس سلسلے میں احتجاج رکنے والا نہیں۔
پرویز الہی کا کہنا تھا کہ اٹھارہ مئی اتوار کے دن پنجاب کے نو اضلاع میں فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی جائیں گی۔ دوسری طرف چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا موڈ دیکھ کر ہی انکے بارے میں کوئی تبصرہ کریں گے۔