اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ الطاف حسین کو شناختی کارڈ یا پاسپورٹ جاری کرنے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ نادرا کی موبائل ٹیم ان کے گھر بھیج دیں گے۔ ایم کیو ایم کو کراچی آپریشن پر تحفظات ہیں تو کھل کر بات کرے۔ دھونس دھاندلی سے معاملات نہیں چلیں گے۔
طالبان سےرابطےمیں ہیں۔ بات چیت اب حتمی اوربراہ راست ہی ہو گی۔ امریکا نے شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کا مطالبہ نہیں کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے شناختی کارڈ کا مسئلہ جلد حل کرلیا جائے گا۔
الطاف حسین نے لندن کے نادرا آفس میں درخواست دی نہ ہی درست طریقہ کاراپنایا گیا۔ جسے بیرون ملک شناختی کارڈ چاہیے اسے درخواست دینا پڑتی ہے۔ مجھے یا ہماری حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں۔ متحدہ کو کسی اور بات کا مسئلہ ہے تو اس پر بات کرلے۔
دھمکیاں دینا بند کیا جائے۔ کراچی آپریشن میں کوئی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نےکہاکہ طالبان سے مذاکرات میں پیشرفت نہیں ہوئی لیکن رابطے میں ہیں۔ حکومت معاملات کوجلد حتمی شکل دینا چاہتی ہے۔ مذاکرات کیلئےجگہ اور وقت کا تعین طالبان کے اپنے مسائل کے باعث نہیں ہوسکا۔ اب حتمی بات ہوگی۔
اسلام آباد میں اگلے ہفتے سے رینجرزاور پولیس مشترکہ پٹرولنگ کریں گی۔ وزیرداخلہ نے جیو نیوز کے معاملے پر لب کشائی سے گریز کرتے ہوئے صورتحال کا ذمہ دار پیمرا اور وزارت اطلاعات کو ٹھہرایا۔