ریلویز میں کوئی جیالا یا متوالا بھرتی نہیں کیا جائے گا، خواجہ سعد رفیق

Khawaja Saad Rafiq

Khawaja Saad Rafiq

لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ریلویز میں کوئی جیالا یا متوالا بھرتی نہیں کیا جائے گا۔

سب بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کافی دِن عمران خان نے سیاست میں الجھائے رکھا، اب انہیں کام کرنے دیں اورصرف ریلوے پر بات کریں، وہ ریلوے کی حالت بہتر بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ ریلوے میں بھرتیاں اب سیاسی نہیں میرٹ پر کی جائیں گی۔

لاہور ریلوے اسٹیشن پرنئے چینی انجن کے ساتھ جعفر ایکسپریس کے افتتاح کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ ریلوے کرایوں میں اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ موسم گرما میں انجن فیل ہونے پرمسافروں سے معذرت خواہ ہیں، ریلوے مسافروں کے لئے یہ آخری سخت گرمیاں ہوں گی۔

ان کاکہناتھاکہ ریلوے کی منٹی ننس پر روزانہ 500 ڈالرز لگنے چاہئیں، وہ صرف 50 ڈالر لگاتے ہیں، انہیں ملبے کا ڈھیر ملا، وہ اس ڈھیر سے کام کی چیزیں تلاش کرتے ہیں، میڈیا سے گفتگو کے دوران ہی ٹرین کی سیٹی بج اْٹھی، جس پرریلوے وزیرنے برجستہ کہاکہ انجن نیا ہے، اس لئے آواز بھی نئی ہے۔