مطالبات منظور نہ ہوئے، اپیکا نے ریلی، دھرنے کی کال دیدی

Apeca

Apeca

لاہور (جیوڈیسک) وعدوں کے باوجود مطالبات کے تسلیم نہ کئے جانے پر ایپکاپنجاب نے 20 مئی کو سیکرٹریٹ تا پنجاب اسمبلی احتجاجی ریلی اور 3 تا 6 جون کو ڈی چوک پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد پر ڈے اینڈ نائٹ دھرنے کی کال دے دی۔ صوبائی صدر پنجاب حاجی محمد ارشاد کی زیر قیادت لوکل گورنمنٹ کمپلیکس ساندہ روڈ لاہور پر ہنگامی اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا۔ گزشتہ روز صوبائی صدر حاجی محمد ارشاد کی زیر قیادت لوکل گورنمنٹ کمپلیکس ساندہ روڈ پر ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں حکومت پنجاب کی طرف سے وعدوں کے باوجود مطالبات کے تسلیم نہ کیے جانے اور 7 مئی کو ڈی چوک پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد پروفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی طرف سے مذاکرات کی یقین دہانی کے باوجود مذاکرات نہ کرنے کی صورتحال پیش کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد ارشاد نے واضح کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت قطعاََ ملازمین کے مسائل حل کرنے کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہے، وعدوں کے باوجود مطالبات کے تسلیم نہ کیے جانے پر ایپکاکے جھنڈے تلے پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین 20 مئی کو سیکرٹریٹ تا پنجاب اسمبلی احتجاجی ریلی نکالیں گے اور 3 تا 6 جون کو ڈی چوک پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد پرملک بھر کے ملازمین مشترکہ طور پر ڈے اینڈ نائٹ دھرنا دیں گے۔ اجلاس سے مرکزی چیئر مین حاجی فضل داد گجر، مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری لالہ محمد اسلم و دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔