توانائی بحران کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسحاق ڈار

Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلام آباد (جیوڈیسک) درآمدی وسائل پر انحصار کم کرنے کیلئے ملکی وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ توانائی بحران کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

درآمدی وسائل پر انحصار کم کرنے کیلئے ملکی وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں امریکی سفارتکار رابن رافیل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرانہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون اور خطے میں تجارت اور سر مایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اسحاق ڈار نے رابن رافیل کے ساتھ ملاقات میں کاسا ایک ہزار منصوبے اور دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم کی تعمیر سمیت مختلف پن بجلی کے منصوبوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہو رہی ہے اور شرح نمو میں اضافہ جبکہ افراط زر میں کمی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورو بانڈ کے کامیاب اجراء کے بعد تھری جی اور فور جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی سے معاشی اشاریے بہتر ہوئے ہیں جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

اس موقع پر رابن رافیل نے کہا کہ پاکستان کی میکرو اقتصادی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں امریکا کی طرف سے مسلسل تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ ملک میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے گی۔