لاڑکانہ (جیوڈیسک) پولیس کی کارروائی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر جعلسازی کر نے والا ملزم اور جعلی دستاویزات چھاپنے والا پرنٹنگ پریس کا مالک گرفتار، حیدری تھانے کے ایس ایچ او راجہ نوید سرفراز نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر لوہر کالونی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے کفایت سومرو نامی ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے جعلی فارمز، اے ٹی ایم کارڈز، جعلی مہریں اور دستاویز ات بر آمد کر لی ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی نشاند ہی پر جعلی کاغذات اور مہریں بنانے والے بندر روڈ پر واقع پرنٹنگ پریس پر بھی چھاپہ مارا گیا، جہاں سے جعلی دستاویزات بر آمد کر کے پرنٹنگ پریس کے مالک اعجاز مغیری کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس کے مطابق دونوں ملزمان مستحق خواتین کو جعلی فارمز اور جعلی اے ٹی ایم کارڈز تین سو سے پانچ سو روپے کے عوض فروخت کرتے تھے، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔