مدینہ فائونڈیشن فیصل آباد اور المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پنجاب کے اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب

Karachi

Karachi

کراچی : مدینہ فائونڈیشن فیصل آباد اورالمصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پنجاب کے زیر اہتمام صاحبزادہ عطاء المصطفیٰ نوری کی سرپرستی میں مدینہ یونیورسٹی فیصل آباد کے امین کیمپس میں اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہو ئی جس میں الحمدُ للہ 75 مستحق بچیوں کی رخصتی سر انجام پائی۔

مہمانانِ گرامی قدر میں مدینہ یونیورسٹی کے محترم ڈاکٹر عبدالمجید، کرنل محمد عابد، پروفیسر محمد اشفاق، پروفیسر سید عبدالرحمن بخاری ، اور عظیم مذہبی سکالر و سماجی شخصیت صاحبزادہ عطاء المصطفیٰ نوری کے علاوہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی فیصل آباد کے سرپرست الحاج لیاقت علی تنویر،ڈاکٹر محمد سعید طاہر، ڈاکٹر خالد شہزاد شامل تھے۔ تقریب کے منتظمین میں مدینہ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات ، اساتذہ کرام ،سٹاف کے علاوہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی فیصل آباد کے عہدیداران و رضاکار شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید عبدالرحمن بخاری صاحب نے فرمایا کہ آج کی یہ تقریب سید نا علی المرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یوم ولادت کی خوشی میں رکھی گئی ہے اور اہل بیت کے صدقے اللہ تعالیٰ نے مدینہ فائونڈیشن کو یہ توفیق بخشی ہے کہ وہ سال میں تقریباً1500سے لیکر2000 مستحق بچیوں کی شادی کرواتے ہیں اور مستحق گھرانوں کو ماہانہ راشن بھی مہیا کرتے ہیں۔ عطاء المصطفیٰ نوری صاحب نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ شادی کی ایسی تقریب جس میں تلاوت، نعت، قصیدہ بردہ شریف، منقبت اہل بیت، اجتماعی خطبہ نکاح و دعا شامل ہو شرکاء تقریب میں سے کسی فرد نے شاید ہی دیکھی ہو۔

تقریب میں تقریباتین ہزار کے لگ بھگ مہمانان تھے اور اس طرح کی تقریب آج ہی آزاد کشمیر میں بھی ہورہی ہے اور انشاء اللہ مدینہ فائونڈیشن کے تعاون اورجامعہ قادریہ رضویہ ٹرسٹ اورالمصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی فیصل آباد کی شب وروز انتھک کوششوں سے خدمت خلق کایہ عظیم مشن جاری و ساری رہے گا۔ اجتماعی خطبہ نکاح بھی صاحبزادہ عطاء المصطفیٰ نوری صاحب نے پڑھایا اور دعائے خیر کی۔ مدینہ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے دولہا اور دلہنوں کو شادی گفٹ پیش کیا۔

تمام شرکاء کی تواضع کیلئے کھانے کا بہترین انتظام تھا اور تمام دلہنوں کو گھر کا مکمل سامان اور فرنیچر بھی دیا گیا ۔المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے اجتماعی شادیوں کے سلسلے میں المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پنجاب کے سربراہ عطاالمصطفیٰ نوری اور مدینہ فاؤنڈیشن کومبارکباد پیش کی ہے۔